بھارت کا بیان کھلی منافقت ہے، بھارت خود پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث ہے
اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے 17 مارچ کے بیان کو بے بنیاد، گمراہ کن اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا بیان کھلی منافقت اور دوغلے پن کا مظہر ہے۔ترجمان کے مطابق، پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ بھارت خود افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا بیان اس کی تاریخ اور خطے میں تخریبی کردار کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت میں اسلاموفوبیا کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف مظالم ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ دیگر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیوں سے باز رہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانا بند کرے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی حمایت بند کرے اور پاکستان کی کامیاب انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر بے جا تنقید کرنا بند کرے۔