انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کی گرفتاری

انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کی گرفتاری

فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

 ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کی جانب سے کی گئی کارروائی میں دو اشتہاری ملزمان سمیت 3 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت خلیل اللہ، مرجان علی، اور حارث خان خلیل کے نام سے ہوئی ہے۔ خلیل اللہ اور مرجان علی کو اسلام آباد میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔ یہ دونوں ملزمان 2024 میں درج ہونے والے مقدمات میں مطلوب تھے اور شہریوں کو امریکی ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کرنے میں ملوث تھے۔

مزید برآں، ایف آئی اے نے پشاور میں واقع ایک ٹریول ایجنسی کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا جہاں حارث خان خلیل کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم حارث خان خلیل بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا۔ اس کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے 4 پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد کیے۔ایف آئی اے نے اس معاملے میں مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے اور اس میں ملوث دیگر افراد کا پتہ چلایا جا سکے۔