آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول میں مزید تاخیر کا امکان

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول میں مزید تاخیر کا امکان

ویب ڈیسک:آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان بڑھنے لگا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق، میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان اگلے 24 گھنٹوں میں مشکل نظر آ رہا ہے، تاہم اگر اسٹیک ہولڈرز اپنے موقف میں لچک دکھاتے ہیں تو شیڈول کا اعلان ایک یا دو دن میں ممکن ہو سکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کی وجوہات جاننے کے لیے آئی سی سی کو 10 روز قبل خط لکھا تھا، مگر ابھی تک اس پر کوئی جواب نہیں آیا۔ اگر کوئی ایک ملک ایونٹ میں شرکت سے انکار کرے تو ایونٹ میں نویں نمبر کی ٹیم کو شامل کر لیا جاتا ہے، تاہم آئی سی سی سمجھتی ہے کہ بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کی مقبولیت اور آمدنی پر منفی اثر پڑے گا، جس کی وجہ سے معاملہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے تحریری انکار کی کاپی مانگی تھی تاکہ اس کے جائزے کے بعد اس معاملے کو آگے بڑھایا جا سکے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک پاکستان آنے سے انکار کی تحریری وجہ نہیں دی، جس سے پاکستان کا کیس مضبوط دکھائی دیتا ہے۔ اس دوران، پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے ٹرافی ٹور کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور مقبولیت کی عکاسی ہو رہی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت سے نیوٹرل وینیو پر میچز کے لیے تیار نہیں ہے۔ اس کے برعکس، بھارتی کرکٹ بورڈ نے دیگر بورڈز کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت ملانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ ایونٹ میں شریک ہو سکے یا پھر میزبانی حاصل کر سکے۔آئی سی سی پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ اس معاملے کو ووٹنگ کے لیے بورڈ ممبران کے پاس لے جایا جائے گا، جس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔