اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کرتے ہوئے ہمیشہ 7 اکتوبر کو یاد رکھے گا،ترجمان ڈاکٹر خالد کی پریس کانفرنس
کراچی (آئی این پی )فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے واضح کیا ہے کہ دشمن اگر امن کے بجائے جنگ چاہتا ہے تو ہم ایک بار پھر جنگ کیلئے تیار ہیں، اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کرتے ہوئے ہمیشہ 7اکتوبر کو یاد رکھے گا۔ حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاسر عرفات نے 2باتیں ماننے سے انکار کر دیا تھا، انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیل کے حوالے اور دوسرا مہاجر فلسطینیوں کو فلسطین میں واپسی کا حق نہ دینے کو ماننے سے انکار کر دیا تھا، یاسر عرفات کے اس انکار پر ان کے قتل کا فیصلہ ہوا۔ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ ہمارے مجاہدین نے گلائڈرز کے ذریعے اسرائیل کے اندر 40 کلو میٹر اندر جا کر حملے کیے، ہم یہ جنگ سفارتی محاذ، میڈیا کے محاذ پر جیتے ہیں ، ہم نے دنیا بھر میں اسرائیلی بیانیے کو شکست دی ہے۔اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ جنگ میں اس کے 6 ہزار فوجی مارے گئے ہیں۔حماس ترجمان نے کہا کہ فلسطینیوں کا گھر صرف فلسطین میں ہیں باہر نہیں، فلسطینی عوام اپنے گھر چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔غزہ کے فلسطینی عوام حماس کے ساتھ ہے یہی حماس کی قوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ 15 دن سے غزہ کا پانی اسرائیل نے بند کر رکھا ہے لیکن افسوس مسلم دنیا خاموش ہے۔ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔حماس ترجمان نے کہا کہ امریکی انتظامیہ دوبارہ جنگ میں جانا نہیں چاہتی۔اسرائیل کے پاس جنگ بندی معاہدے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ہم جنگ بندی معاہدے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں ، اس بارے میں ثالثوں کو بتا دیا ہے۔ ہم جنگ بندی معاہدے کو صرف ان نکات پر قبول کریں جو ثالثوں کی موجودگی میں اسرائیل نے تسلیم کیا ہے۔ دشمن اگر امن کی بجائے جنگ چاہتا ہے تو ہم ایک بار پھر جنگ کیلئے تیار ہیں، اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کرتے ہوئے ہمیشہ 7 اکتوبر کو یاد رکھے گا۔ ہماری بھی ریڈ لائن ہے اسرائیل اسے کراس کے گا تو پھر ہم بھی جواب دیں گے۔