تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور کی پہلی سرجری کامیاب، حالت میں بہتری

تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور کی پہلی سرجری کامیاب، حالت میں بہتری

کوئٹہ میں تیزاب حملے میں زخمی ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور کی پہلی سرجری کراچی کے نجی اسپتال میں کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق سرجری کے دوران متاثرہ حصوں سے مردہ جلد کو ہٹا دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی حالت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، تاہم انفیکشن کا خطرہ بدستور موجود ہے، جس کے باعث انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ عمل مرحلہ وار سرجریز کا حصہ ہے، جس میں متاثرہ جلد کی صفائی کے ساتھ ساتھ آئندہ مرحلے میں اسکن گرافٹنگ بھی کی جائے گی۔ پہلی سرجری 8 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق پلاسٹک سرجنز نے چہرے پر معمولی گرافٹنگ کا عمل مکمل کیا ہے جبکہ فی الحال کوئی بڑی یا پیچیدہ سرجری نہیں کی گئی۔

ڈاکٹرز کی ٹیم مریضہ کی حالت کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا جس میں پلاسٹک سرجنز کے ساتھ آنکھوں کے ماہرین نے بھی شرکت کی، جبکہ مختلف طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔حکومت بلوچستان اور حکومت سندھ متاثرہ ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور علاج کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔