قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اسلم آر خان انتقال کر گئے ہیں۔ پی آئی اے حکام کے مطابق وہ کئی روز سے علیل تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
مرحوم اسلم آر خان گزشتہ چھ دہائیوں سے پی آئی اے سے وابستہ رہے اور ادارے کی تنظیم نو اور اسے مالی استحکام کی جانب لے جانے میں ان کے فیصلوں کو اہم قرار دیا جاتا ہے۔ ادارے کے مطابق وہ مشکل فیصلے کرنے اور فلاحی سرگرمیوں کی سرپرستی میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔سی ای او پی آئی اے نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات ادارے کے لیے بڑا نقصان ہے اور ان کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات تھی۔مرحوم کی نماز جنازہ بعد از نماز جمعہ کراچی میں ان کی رہائش گاہ خیابانِ غازی ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔