نقب زنی کرنیوالا گروہ گرفتار، 25 لاکھ برآمد

لاہور (کرائم رپورٹر) شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران پولیس نے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 25 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے فوری برآمدگی کا ٹاسک دیا جس پر ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن تھانہ اسلام پورہ رانا عمر دراز اور ٹیم نے کارروائی کی۔ ملزمان گھروں میں کام کاج کے بہانے داخل ہو کر وارداتیں کرتے اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو جاتے تھے، جبکہ دوران تفتیش انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف بھی کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ رقم مدعیان کے حوالے کر دی گئی جس پر متاثرین نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ ایس ایس پی محمد نوید نے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔