عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس کے اثرات پاکستان میں بھی متوقع ہیں۔

 مارکیٹ اور انڈسٹری ذرائع کے مطابق آئندہ قیمتوں کے تعین میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی ریفائنریوں کی لاگت بھی کم ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 18 روپے 18 پیسے فی لیٹر کم ہو کر 245 روپے 16 پیسے سے 226 روپے 98 پیسے فی لیٹر پر آگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 36 روپے 16 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 268 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔تاہم عوام کو عالمی منڈی میں ہونے والی اس کمی کا مکمل فائدہ ملنے کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پیٹرولیم لیوی کے ڈھانچے میں تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔

 مجوزہ منصوبے کے تحت پیٹرول پر عائد اضافی لیوی میں 26 روپے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل پر لیوی میں 27 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے لیوی میں ممکنہ ردوبدل کا مقصد محصولات برقرار رکھنا اور مالیاتی اہداف حاصل کرنا ہو سکتا ہے۔ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود صارفین کو ملنے والا ریلیف محدود ہو سکتا ہے، خصوصاً ڈیزل کی قیمت میں متوقع کمی لیوی بڑھنے کے باعث کم ہو سکتی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد یہ واضح ہوگا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا کتنا فائدہ عوام تک منتقل کیا جاتا ہے۔