مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے 4 درجاتی حصار قائم کرنے کا فیصلہ

 ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے:وزیرداخلہ محسن نقوی
اسلام آباد(آئی این پی )  اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خصوصی ایپ "محفوظ محرم" تیار،ایپ کے ذریعے شہری کسی مشتبہ شخص،مشکوک سرگرمی یا نامکمل حفاظتی انتظامات کی اطلاع دے سکیں گے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا حکم دے دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیف کمشنر اورآئی جی اسلام آبادپولیس نے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پروزیر داخلہ نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم بھی دیا ہے اور جامع ٹریفک پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں، اہلکاروں کے کھانے پینے کے معیاری انتظامات کو بروقت یقینی بنایا جائے، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔