حکومت کی ترجیح برآمدات پر مبنی معیشت کا قیام ہے: شہباز شریف

حکومت کی ترجیح برآمدات پر مبنی معیشت کا قیام ہے: شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صنعتوں کی ترقی اور برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی ترقی کے بغیر معاشی خودکفالت ممکن نہیں، اور اس مقصد کے لیے عالمی معیار کی افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی کو صنعت سے جوڑنا ناگزیر ہے۔یہ بات انہوں نے ملکی صنعتوں کے فروغ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ:"غیر یقینی صنعتی پالیسیاں ماضی میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ رہی ہیں، اب ہم مؤثر اور مربوط پالیسی کے ذریعے صنعتی شعبے کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔"انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ صنعتی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تاکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بحالی ممکن ہو سکے اور درپیش مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور صنعتیں عالمی مارکیٹ میں مؤثر طور پر مقابلہ کر سکیں گی۔ اجلاس میں انہیں ملکی صنعتوں کی ترقی کے لیے مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

  "پاکستانی اسکولوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا": وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں جدید تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے ورلڈ بیسٹ اسکول پرائزز 2025 میں تین پاکستانی اسکولوں کو دنیا کے ٹاپ 10 کمیونٹی تعاون سے چلنے والے اسکولوں میں شامل ہونے پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہی۔ ان اسکولوں میں شامل ہیں:

سنجن نگر پبلک ایجوکیشن ٹرسٹ ہائر سیکنڈری اسکول، لاہور
بیکن ہاؤس کالج پروگرام (جونیپر کیمپس)، کوئٹہ
نارڈک انٹرنیشنل اسکول، لاہور
وزیراعظم نے ان اسکولوں کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:

"ان تعلیمی اداروں نے تحقیق، جدید نصاب، ٹیکنالوجی، ماحولیات اور دیہی علاقوں کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ ادارے ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔"