زرعی برآمدات کی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیراعظم

زرعی برآمدات کی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسانوں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

وزیراعظم کی صدارت میں نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں زرعی اصلاحات، پیداوار میں اضافہ، جدید طریقوں کا فروغ اور عالمی معیار کے مطابق زرعی مصنوعات تیار کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے معیاری بیج، بروقت کھاد اور فصلوں کے لیے ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعظم نے زرعی اجناس کی پراسیسنگ اور برآمدات کے لیے پالیسی اقدامات تیز کرنے، ماہی گیری، پھلوں اور ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے، اور ساحلی علاقوں میں پام آئل کی کاشت کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ہزار طلبہ کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے چین بھیجا گیا اور تحقیقی اداروں کے ذریعے نئی اور مقامی موسمی حالات سے ہم آہنگ فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔ورکنگ گروپ کی رپورٹ میں موجودہ چیلنجز، قلیل اور طویل مدتی اصلاحات، اور عالمی سطح پر تقابلی جائزہ شامل تھا۔اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، اور وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایک جامع، مؤثر اور قابل عمل روڈ میپ تیار کر کے اصلاحاتی ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔