عمران خان کے احتجاجی تحریک مؤخر کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم

 خطے کی نازک صورتحال کے پیش نظر قومی اتحاد اشد ضروری، حکومت کو فیصلے کو مثبت انداز میں لینا چاہیے،سعدرفیق
    لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کے احتجاجی تحریک مؤخر کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے اعلان کے مطابق بدلتے عالمی حالات کے باعث انہوں نے اپنی جماعت کی احتجاجی تحریک 2 ہفتوں کے لیے مؤخر کردی اور کہا ہے کہ موجودہ حالات کے اثرات پاکستان پر بھی آئیں گے، اس بیان میں انہوں نے قوم کو متحد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے سخت سیاسی اختلاف کے باوجود میں بطور ایک قومی سیاسی کارکن عمران خان کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں کیوں کہ خطے کی نازک جنگی صورتحال کے پیش نظر قومی اتحاد اشد ضروری ہے، اس لیے حکومت کو عمران خان کے اس فیصلے کو مثبت انداز میں لینا چاہیے اور سیاسی افہام و تفہیم کا راستہ نکلنا چاہیے کیوں کہ ہم میں سے کوئی بھی ایک دوسرے پر پاؤں رکھ کر آگے نہیں بڑھ سکتا، اس ملک میں یہ تجربہ بار بار کیا گیا مگر ہمیشہ ناکام رہا۔