ہدایت نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے خدشات کے پیش نظر جاری ہوئی
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی نے اپنے افسران، ملازمین، اساتذہ اور طلباء کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے انڈرائیڈ موبائل فون کا تازہ ترین ورڑن فوری طور پر انسٹال کریں۔ یہ اقدام نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ہدایت اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے باضابطہ مراسلے میں خبردار کیا ہے کہ پرانے انڈرائیڈ ورڑنز میں متعدد سیکیورٹی خامیاں موجود ہیں، جن میں 107 اہم سیکیورٹی تھریٹس شامل ہیں جو صارفین کے ڈیٹا اور پرائیویسی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ نے صارفین کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نیا ورڑن ڈائون لوڈ اور انسٹال کریں، Google Play Protect کو فعال رکھیں اور غیر بھروسہ مند ایپس انسٹال کرنے سے گریز کریں۔ مزید کہا گیا کہ ایپس صرف Google Play Store سے تصدیق شدہ ذرائع کے ذریعے ڈائون لوڈ کی جائیں تاکہ سیکیورٹی خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔