ویب ڈیسک: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دی گئی ظہرانے کی دعوت سے متعلق انہیں کوئی اطلاع نہیں۔
اسلام آباد میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت، بانی چیئرمین اور کارکنوں پر مختلف مقدمات قائم ہیں، جن میں ہمیں وقت ضائع کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ کیسز ختم نہیں ہوں گے، پاکستان کا نظام درست نہیں ہو سکتا۔علی امین گنڈاپور نے فلسطین اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اسرائیل کو نہیں مانتے" اور ہماری دلی خواہش ہے کہ غزوہ ہند ہمارے سامنے ہو اور ہم اس میں شریک ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کھانے کی دعوت سے متعلق انہیں کوئی معلومات نہیں ہیں، جب اس معاملے پر تفصیلات سامنے آئیں گی تو تب بات کریں گے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستان میں انصاف کے نظام کو درست کرنے کے لیے سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مقدمات ختم کیے جائیں تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔