لاہور (زیڈ این این) دنیا کی معروف آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی کریم نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی اس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ 18 جولائی 2025ء سے پاکستان میں کریم کی رائیڈ ہیلنگ سروسز بند کر دی جائیں گی، جس کے ساتھ ہی کمپنی اپنی بڑی مارکیٹوں میں سے ایک سمجھے جانے والے پاکستان میں اپنے کئی سالہ سفر کا اختتام کر دے گی۔کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو جلد ہی کریم والٹ میں موجود فنڈز نکالنے کے طریقہ کار سے متعلق ہدایات موصول ہوں گی، جبکہ کریم کیئر کسٹمر سپورٹ سروس 18 ستمبر 2025ء تک دستیاب رہے گی تاکہ صارفین کسی بھی ممکنہ مسئلے کو حل کروا سکیں۔ذرائع کے مطابق کریم کو پاکستان کے مشکل معاشی ماحول میں سرمایہ کاری کے لیے درکار وسائل کے حصول میں دشواری کا سامنا تھا۔ اس کے علاوہ، دو نئی آن لائن ٹیکسی سروسز، یانگو اور ان ڈرائیو کی آمد نے بھی مارکیٹ میں مقابلے کو شدید بنا دیا، جس کے باعث صارفین کی بڑی تعداد ان کمپنیوں کی جانب منتقل ہو گئی۔