26 نومبر احتجاج: نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

اسلام آباد(آئی این پی )انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف 26نومبراحتجاج پر توڑ پھوڑ کے الزام کے تحت درج مقدمے میں نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی۔عدالت نے کراچی کمپنی کے مقدمہ نمبر میں چالان کی نقول تقسیم کر دی، آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد عائد کی جائے گی۔ مقدمے کی سماعت 25جون تک ملتوی کر دی گئی۔تھانہ مارگلہ کے مقدمے میں ملزمان کو دوبارہ طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 9جولائی تک ملتوی کر دی۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 1میں پی ٹی آئی کارکنان اور راہنمائوں کے خلاف 26نومبر احتجاج اور سنگجانی جلسے پر درج مقدمات پر جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سماعت کی۔عدالت نے تھانہ نون کے مقدمے میں ملزمان کو دوبارہ طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24جولائی تک ملتوی کر دی۔