ملک بھر میں 49لاکھ سے زائد موبائل سمز بند کرنے کی کارروائی کا آغاز

اسلام آباد (آئی این پی )ملک بھر میں زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری 49لاکھ سے زائد موبائل سمز کو بند کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ، وزارتِ داخلہ نے نادرا کی سفارش پر پی ٹی اے کو سمز بند کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق منسوخ شدہ، زائد المیعاد اور فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا۔2017سے زائد المیعاد شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز30جون تک جب کہ 2018سے 2025کے درمیان زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز مرحلہ وار 31دسمبر تک بند کر دی جائیں گی۔پہلے مرحلے میں 2018میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز کی موبائل سمز31جولائی، 2019کے شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز 31اگست اور 2020کے شناختی کارڈز کی سمز 30ستمبر تک بند ہو جائیں گی۔دوسرے مرحلے میں 2020کے شناختی کارڈز کی سمز 31اکتوبر اور 2022کے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز 30نومبر، سال 2023، 2024اور 2025میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز 31دسمبر تک بند کر دی جائیں گی۔