لاہور ،ملتان،فیصل آباد میں دو ،دو لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر ) پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم دوسرے روزبھی جاری رہی۔ مہم کے پہلے روز مجموعی طور پر 49 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ اس طرح مہم کے پہلے روز راولپنڈی میں 1 لاکھ 45 ہزار جبکہ لاہور ، ملتان اور فیصل آباد میں 2،2 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ پنجاب بھر میں 33 ہزار سے زائد مہمان بچوں کو بھی قطرے پلائے گئے۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور کے مطابق مہم کا مقصد پولیو وائرس کی افزائش کو روکنا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ مہاجر آبادیوں اور قطروں سے محروم بچوں پر توجہ دی جائے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پولیو ٹیموں کی بھرپور معاونت کریں، 2025 میں زیرو پولیو کا ٹارگٹ ہے۔