رواں ماہ کے اختتام تک مزید 7 ہزار گھروں کی تعمیر شروع ہو جائے گی:اجلاس
لاہور ( کرائم رپورٹر ) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر بارے اجلاس ہوا، سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے موجودہ صورتحال اور مجوزہ اہداف بارے بریفنگ دی۔چیئرمین اخوت امجد ثاقب اور صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے پروگرام کی پیشرفت بارے آگاہ کیا۔ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان نے درپیش مسائل بارے بریف کیا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ 18 ہزار سے زائد گھر تکمیل کے قریب جبکہ رواں ماہ کے اختتام تک مزید 7 ہزار گھروں کی تعمیر شروع ہو جائے گی، پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم وقت میں اتنے گھر بنائے گئے ، تمام مستحق افراد کو بلاسود اور شفاف طریقے سے گھروں کی تعمیر کیلئے قرض دے رہے ہیں۔