نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا آئندہ ہفتے امریکا کا اہم سفارتی دورہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا آئندہ ہفتے امریکا کا اہم سفارتی دورہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آئندہ ہفتے امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق اعلیٰ سطح کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی فعال کثیرالجہتی سفارت کاری کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

اقوام متحدہ میں سرگرم کردار
اسحاق ڈار اقوام متحدہ میں ایک اعلیٰ سطحی مباحثے کی صدارت کریں گے جس کا موضوع ہو گا:"کثیرالجہتی کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینا اور تنازعات کا پُرامن حل"۔اس مباحثے میں سفارت کاری، ثالثی اور عالمی شراکت داری کے مؤثر طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

فلسطین اور مشرق وسطیٰ پر توجہ
ڈار مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال بالخصوص مسئلہ فلسطین پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔اس کے علاوہ وہ ایک اعلیٰ سطح بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کا مقصد "فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت" اور "دو ریاستی حل" کی حمایت کرنا ہے۔

OIC-اقوام متحدہ تعاون پر اجلاس
وزیر خارجہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح بریفنگ کی بھی صدارت کریں گے، جو مسلم دنیا کے کردار کو عالمی امن میں مزید نمایاں بنانے کے لیے اہم قدم ہے۔

دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع
نیویارک میں قیام کے دوران اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

دفتر خارجہ کا مؤقف
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کی اقوام متحدہ میں فعال اور اصولی سفارت کاری کے عزم، اور عالمی سطح پر امن و انصاف کے فروغ میں قائدانہ کردار کی عکاسی کرتا ہے۔