راولپنڈی :زمین کے تنازع پر2بھائیوں سمیت 4افراد قتل

ثمر اورجنید متین اورشعیب کے ساتھ گاڑی میں جارہے تھے، مخالفین بہادر وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کردی،چاروں افراد موقع پردم توڑگئے
واردات میں ملوث دونوں گروپوں کے افراد پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھے،ایس پی صدرراولپنڈی، آئی جی پنجاب کا نوٹس ،رپورٹ طلب
 راولپنڈی(آئی این پی )زمین کے تنازع اور مخالفت پر فائرنگ کے نتیجے میں 2بھائیوں سمیت 4افراد قتل کردئیے گئے۔ یہ واقعہ راولپنڈی کے تھانہ کہوٹہ کی حدود میں واقع بھون روڈ پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت جنید گل، متین کیانی، شعیب اور ثمر اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے، جن میں سے ثمر اقبال اور جنید اقبال آپس میں بھائی تھے۔چاروں افراد ایک ہی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ اچانک مخالفین، جن میں بہادر وغیرہ شامل ہیں، نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر راولپنڈی نبیل کھوکھر پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور جائے وقوع سے فرانزک شواہد اکٹھے کرلئے۔ انہوں نے بتایا کہ فریقین کے درمیان زمین کے پرانے تنازعات چلے آ رہے تھے جو کہ اسلام آباد کے علاقے سہالہ سے جڑے ہوئے تھے۔نبیل کھوکھر کے مطابق قتل کی واردات میں ملوث دونوں گروپوں کے افراد راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو سنگین مقدمات میں پہلے سے ہی مطلوب تھے۔پولیس نے جائے وقوع سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔