اب گنجائش نہیں رہی، حکومت نے لوگوں کے ہاتھ سے روٹی چھین لی، مفتاح اسماعیل

چینی کے مل مالکان پر جب بھی مصیبت پڑی حکومت سے ان کی پریشانی دیکھی نہ گئی،فوری مددکیلئے پہنچی 
 لوگ بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر پا رہے، ایف بی آر کا رویہ کاروباری طبقے کو ڈرانے والا ہے 
اسلام آباد (آئی این پی ) سابق وزیر خزانہ و سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گذشتہ تین برس میں حکومت نے ٹیکسوں اور مہنگائی سے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے،اب گنجائش نہیں رہی، تین سال میں حکومت نے لوگوں کے ہاتھ سے روٹی چھین لی،چینی کے مل مالکان پر جب بھی مصیبت پڑی حکومت سے ان کی پریشانی دیکھی نہ گئی۔ایک انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ چینی مل مالکان اور روڈ کنٹریکٹرز کی حالت تو بہتر ہوئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ حکومت کی کارکردگی صرف بااثر طبقے کے لیے اچھی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی بھرمار نے عام شہری کی قوت خرید ختم کر دی ہے، اب لوگ امپورٹڈ اشیاء تو دور کی بات، بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا نے کہا کہ ایف بی آر کا رویہ کاروباری طبقے کو ڈرانے والا ہے اور اب تو ادارے کو گرفتاری کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں لین دین رجسٹرڈ نہیں ہوتا، اس لیے حکومت کو دو لاکھ روپے پر عائد 20فیصد ٹیکس واپس لینا پڑے گا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اب نہ صرف سندھ اور کراچی بلکہ پنجاب کی حقیقت بھی سب کے سامنے آ گئی ہے۔