پاکستان مزید قرضوں میں دھنستا جارہا ہے، معاشی ترقی کے قابل نہیں رہا،سابق وفاقی وزیر
کراچی(آئی این پی ) عوام پاکسان پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے ٹیکسوں کے نام نئے رکھ دیئے ہیں،پاکستان مزید قرضوں میں دھنستا جارہا ہے، معاشی ترقی کے قابل نہیں رہا، ہر سال 20 ارب ڈالر واپس کرنا ہوں گے۔ گذشتہ روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے جو جنگ ہوئی،اللہ نے ہمیں فتح دی ، پاکستان تقریباً 100 بلین ڈالر کا قرض لے رہا ہے، ہمیں ہر سال 20 بلین ڈالر واپس کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو فالو کرنا مجبوری ہوگئی ہے، ایسا کوئی شخص نہیں جو ٹیکس نہیں دیتا، 60 فیصد بجٹ صوبوں میں چلا جاتا ہے، ہم مزید قرضوں میں ڈوبے جارہے ہیں، پاکستان معاشی ترقی نہیں کر پارہا، صوبے اپنا ٹیکس جمع نہیں کرتے۔ انکا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی پراپرٹی والے ٹیکس نہیں دیتے لیکن غریبوں کو ٹیکس بھرنا پڑ رہا ہے، اب حکومت نے ٹیکس کا نام بدل دیا ہے، موٹر سائیکل والوں پر ہزاروں کا ٹیکس لگ رہا ہے، ایسے بھی ٹیکس ہیں جس سے نقصان ہورہا ہے، حکومت نے ایک نام کاربن ٹیکس رکھ دیا ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم اشرافیہ کے اوپر ٹیکس لگانے سے ڈرتے ہیں،اشرافیہ کے کی وجہ سے ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ رہی ہے۔