ویب ڈیسک: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سکیورٹی اور امن و سلامتی سے متعلق مذاکرات کابل میں شروع ہو گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سکیورٹی اور امن و سلامتی کے امور پر بات چیت کے لیے کابل پہنچے، جہاں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ان کا استقبال کیا۔اسحاق ڈار کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی کابل آیا ہے۔ نور خان ایئر بیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ اچھے روابط رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری رہی ہے، لیکن وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ بات چیت کی جائے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنایا جا سکے۔اسحاق ڈار کے دورے کے دوران افغان عبوری وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم برائے اقتصادی امور سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جس میں سکیورٹی، تجارت، رابطوں اور عوامی تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی جائے گی۔