لاہور میں موٹر وے پر ایک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی گاڑی سے ملنے والے ایک کروڑ روپے اور قیمتی اشیاء کو ایمانداری سے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
موٹر وے پولیس ایم 3 نے ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے یہ رقم اور دیگر سامان حادثے کا شکار گاڑی سے برآمد ہونے کے بعد لواحقین کو واپس کیا۔ترجمان کے مطابق لاہور سے ملتان جانے والی کار ٹائر پھٹنے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور تلاشی کے دوران ایک کروڑ روپے نقد اور موبائل فونز برآمد کیے۔ حادثے کے باعث دو افراد اسپتال میں دم توڑ گئے، جس کے بعد پولیس نے لواحقین سے رابطہ کیا۔سیکٹر کمانڈر شہباز عالم کی ہدایات پر ڈی ایس پی حمید اللہ نیازی کی نگرانی میں ایک کروڑ روپے اور دیگر قیمتی اشیاء لواحقین کے حوالے کی گئیں۔ اس آپریشن کی نگرانی ڈی آئی جی سید فرید علی نے کی۔ ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی نے پٹرولنگ افسران کی ایمانداری کی تعریف کی ہے۔