کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش و ژالہ باری کی توقع ،محکمہ موسمیات
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات، چترال، دیر، سوات اور کالام میں شدید برفباری کی توقع ہے۔بلوچستان میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آج 19 جنوری کو مغربی ہوائوں کا نیا سسٹم داخل ہوگا، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش و ژالہ باری کی توقع ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق21 سے 23 جنوری کے دوران کوئٹہ اور زیارت میں برفباری کا امکان ہے، شمالی و وسطی بلوچستان میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، ژوب، ہرنائی، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے، جبکہ خضدار، پنجگور، کیچ، گوادر اور لسبیلہ میں بارش کی توقع ہے۔19 جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 20جنوری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے