دھند میں حادثات ، 7افراد لقمہ اجل بن گئے

فیصل آباد میں کار سوار باپ اور 2بیٹیوں ، اٹک میں 3افراد ،قصور میں موٹرسائیکل سوار نوجوان نے دم توڑا
لاہورمیں کم سے کم درجہ حرارت 8سینٹی گریڈ ریکارڈ، 2پروازیں منسوخ ،5کو تاخیر ،آج مری میں بارش
لاہور،فیصل آباد،اٹک،قصور ،پتوکی،اسلام آباد (کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ )پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں پھر شدید دھند، ٹریفک حادثات میں باپ اور 2بیٹیوں سمیت 7افراد جاں بحق،12زخمی ہو گئے،موٹرویز متعدد مقامات پر پھر بند، لاہور میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر، 2پروازیں منسوخ، 5 تاخیر کا شکار، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب میں موسم سرد،خشک جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں رات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونحوا کے میدانی اضلاع میں گزشتہ روز بھی درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی۔اس دوران لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 8 اور زیادہ سے زیادہ19 سینٹی گریڈرہا ، ہوا میں نمی کی شرح19 فیصدریکارڈ کی گئی اور آلودگی کی مجموعی شرح 254فیصد رہی، دھند کی وجہ سے لاہور کا ایسٹرن بائی پاس بھی بند رہا، لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی میں قومی شاہراہ پر بھی دھند کا راج رہا۔ادھرفیصل آباد میں دھند کے باعث چک جھمرہ کے علاقہ میں ایکسپریس وے پر چک نمبر 154ر۔ب بگھیاڑا کے قریب سڑک پر گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی اور پیچھے سے آنیوالی کاراس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں پیپلز کالونی فیصل آباد کا رہائشی کار سوار 42 سالہ شیخ عدیل اور اس کی بیٹیاں 8 سالہ ہادیہ اور 6 سالہ عائشہ دم توڑ گئیں جبکہ 12 سالہ عمیمہ، 42 سالہ تحسین اور 45 سالہ عمارہ زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے شدید زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا ،زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔علاوہ ازیں قصور میں رائے ونڈ روڈ نلکا سٹاپ کے نزدیک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بونگا گنڈاسنگھ کا رہائشی 28 سالہ کامران بیگ دم توڑ گیا۔اسی طرح پتوکی میں پھولنگرکے علاقہ خانکے موڑ کے قریب مسافر بس ٹریکٹرٹرالے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 50سالہ سجاد، 43سالہ طارق اور 45سالہ دلدار زخمی ہوگئے جبکہ بھونیکی موڑ کے قریب ایک ٹرک دوسر ے ٹرک سے جا ٹکرایا تو پیچھے سے آنیوالی مسافر ویگن بھی ٹرک سے جا ٹکرا ئی جس سے 38سالہ وقاص، 27سالہ اقرا اور 41سالہ عنصر زخمی ہو گئے۔علاوہ ازیں نعمت چوک بائی پاس کے قریب دھند کے باعث ٹرک گرین بیلٹ کے اوپر چڑھ گیا ، پیچھے سے آنیوالی کاربھی ٹرک کے ساتھ ٹکراگئی، 30سالہ زنیر اور 32سالہ اللہ رکھا شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء￿  اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے علاقے گگن کے قریب کوہاٹ روڈ پر اتوار کی صبح ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گئی اور درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ضلع کرک کے رہائشی کار سوار تین افراد 22 سالہ عامر خان، 26 سالہ رحمن اور ایک نامعلوم نوجوان دم توڑ گیا جبکہ 23 سالہ ناصر شدید زخمی ہو گیا ۔دوسری طرف لاہور ائیرپورٹ پر شدید دھند کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 403 اور کراچی سے لاہور آنے والی پی اے 404 منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ دریں اثناء￿  دھند کے باعث موٹروے ایم 2 ، ایم 3 ، ایم 4 اور ایم 11 کو مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔ مزید برآں آج بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کی توقع ہے ،لاہور میں بارش کا امکان نہیں، تاہم تین کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل سکتی ہیں۔