بعض لوگ میرے موقف کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، لیکن حقیقت اپنی جگہ برقرار ہے : سینیٹر
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ میری نظر میں دہشتگردوں کی آبادکاری میں جنرل (ر)باجوہ، فیض حمید، عارف علوی، عمران نیازی اور بیرسٹر سیف ملوث ہیں، میں نے اعلی ترین اداروں میں ان عناصر کیخلاف باضابطہ رجوع کیا ہے۔ انہوں نے ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ میں واضح اور ذمہ دارانہ طور پر یہ اعلان کرتا ہوں کہ میں نے ریاستِ پاکستان کے اعلی ترین اداروں، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ آف پاکستان، اور پشاور ہائی کورٹ سے ان عناصر کے خلاف باضابطہ رجوع کیا ہے جو دہشت گردوں کی سرپرستی اور دوبارہ آبادکاری میں ملوث رہے ہیں۔میری نظر میں اس عمل کے مرکزی ذمہ دار جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ، جنرل (ر)فیض حمید، سابق صدر عارف علوی، عمران نیازی اور بیرسٹر سیف ہیں۔انہوں نے کہا میں دوٹوک الفاظ میں خبردار کرتا ہوں کہ میری اس موقف اور گفتگو کو کسی بھی فرد یا گروہ کے ذاتی یا سیاسی مفاد کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔ ایسا کوئی بھی اقدام نہ صرف غیر اخلاقی ہوگا بلکہ قانونی اور سیاسی طور پر بھی الٹا پڑے گا۔ایمل ولی خان نے کہا کہ آج میں کھل کر یہ واضح کر رہا ہوں تاکہ کوئی ابہام باقی نہ رہے کہ میرا اشارہ کس جانب ہے، اور میں آئندہ بھی اسی اصولی موقف پر قائم رہوں گا۔ جب میں اس پورے معاملے کو گندگی قرار دیتا ہوں تو میرا مقصد حقائق کو بینقاب کرنا ہے، نہ کہ کسی ذاتی دشمنی کا اظہار۔ بعض لوگ میرے موقف کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، لیکن حقیقت اپنی جگہ پر برقرار رہتی ہے اور رہے گی۔میرا موقف ریاست، آئین اور عوام کے مفاد میں ہے، اور میں اسی راستے پر قائم رہوں گا۔