ایمرجنسی اور گورنر راج کی مخالفت کرتے ہیں، ایمل ولی خان

پشاور ( خصوصی رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالات کو اس نہج تک پہنچانے کے ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت اور اسے اقتدار میں لانے والے ہیں۔ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ہر لحاظ سے بری طرح ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو مسلسل ہیجانی کیفیت میں مبتلا رکھ کر کرپشن کا بازار گرم رکھا گیا ہے اور یہ حکومت دہشت گردی سے نمٹنے میں کبھی سنجیدہ نہیں رہی۔ اے این پی رہنما نے کہا کہ وہ تحریک انصاف اور اسے اقتدار میں لانے والوں، دونوں کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں۔۔