بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا معائنہ، ماہر ڈاکٹروں کو اجازت نہ مل سکی

بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا معائنہ، ماہر ڈاکٹروں کو اجازت نہ مل سکی

شوکت خانم کے سی ایم او، ڈاکٹر عاصم یوسف، نے تین ماہر امراض ریٹینا کے نام تجویز کیے تھے، مگر ان میں سے کسی کو بھی معائنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ڈاکٹر عاصم یوسف نے یہ تجویز کردہ ڈاکٹرز کے نام سلمان اکرم راجہ کو فراہم کیے تھے، جن میں الشفاء انٹرنیشنل کے ڈاکٹر عامر اعوان اور میجر جنرل ریٹائرڈ مظہر اسحاق شامل تھے۔ علاوہ ازیں، آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف آپتھامالوجی کے سرکاری سربراہ، میجر جنرل وقار مظہر کا بھی نام دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق، ان ماہرین کے بجائے الشفاء سے ڈاکٹر ندیم قریشی کو بھیجا گیا، جن کے ہمراہ پمز کے ڈاکٹر عارف بھی موجود تھے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ، شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت نہ ملنے پر، الشفاء کے ڈاکٹر کو جیل بھیجا گیا۔بانی پی ٹی آئی کو پہلا انجکشن 25 جنوری کو لگایا گیا، جبکہ دوسرا انجکشن 25 فروری کو لگانے کا فیصلہ کیا جانا ہے۔ تاہم، یہ فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا کہ دوسرا انجکشن جیل میں لگایا جائے گا یا کسی اسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق، ڈاکٹر ندیم قریشی کا نام انہوں نے ڈاکٹر عاصم یوسف سے پوچھ کر دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چند ہفتے قبل دیوار پر لگی گھڑی نہیں دیکھ سکتے تھے، مگر حالیہ ملاقات میں بانی نے کہا کہ وہ گھڑی دیکھ رہے ہیں۔ڈاکٹر کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ گھڑی کی سوئی بھی نظر آ رہی ہے، جو کہ ان کی صحت میں حیرت انگیز بہتری کی نشاندہی ہے۔