پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے مسئلے پر بہت دکھ ہوا اور دعا کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا۔
سابق وزیرِ خارجہ نے جیل قیدیوں کے حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ قیدیوں کا علاج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاج میں سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔شاہ محمود قریشی نے پنجاب حکومت کو قصوروار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنکھ کی بینائی چلی جانے کی صورت میں ذمہ دار جیل انتظامیہ اور حکومت ہوگی۔ انہوں نے علیمہ خان کے آنسو دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا اور ملک میں امن و استحکام کی خواہش کا اعادہ کیا، ساتھ ہی بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارت کے کردار کی بھی نشاندہی کی۔