کراچی: گیس لیکیج سے گھر میں دھماکا، 2 خواتین سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی

کراچی: گیس لیکیج سے گھر میں دھماکا، 2 خواتین سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی

کراچی کے پوش علاقے کلفٹن تین تلوار پر واقع گلف ٹاور کے قریب ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی زد میں آ کر زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ کلثوم، 20 سالہ سدرہ اور 50 سالہ فیاض شامل ہیں۔ تینوں افراد کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گیس لیک ہو کر کمرے میں جمع ہو چکی تھی اور جیسے ہی آگ یا چنگاری کا سامنا ہوا، زور دار دھماکا ہوگیا۔ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ نے فوری موقع پر پہنچ کر متاثرہ علاقے کو محفوظ بنایا اور گیس کی مزید رساؤ روکنے کے لیے اقدامات کیے۔

واقعے کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ماہرین کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر گیس سسٹم کا معائنہ شروع کر دیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گیس کے استعمال میں احتیاط برتیں اور کسی بھی قسم کی بو محسوس ہونے پر فوری متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔