شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے
افسران،اہلکارسائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سید ذیشان رضا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے نجی شادی ہال کوٹ لکھپت ، لاہور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شاہد نواز ورائچ، ڈی ایس پیز، انچارج انویسٹی گیشنز اور تفتیشی افسران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کی بھی قابل ذکر تعداد موجود تھی جنہوں نے اپنے مسائل اور شکایات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش کیں۔ڈی آئی جی سید ذیشان رضا نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ناقص تفتیش پر چند تفتیشی افسران کی سرزنش کرتے ہوئے شوکاز نوٹس بھی جاری کیے اور واضح کیا کہ میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کا پولیس پر اعتماد بحال رکھنا اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور تمام افسران کو میرٹ پر مقدمات کی یکسوئی یقینی بنانے کی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ انویسٹی گیشن پولیس کی اولین ترجیح ہے اور بروقت و فوری انصاف کی فراہمی ہی امن و امان کے قیام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور شہری بلاجھجھک اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔