شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کیے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے نجی شادی ہال ہربنس پورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال، ڈی ایس پیز انویسٹی گیشن، انچارج انویسٹی گیشنز، تفتیشی افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش کیں، جبکہ اورسیز پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مقدمات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کا پولیس پر اعتماد بحال رکھنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور ناقص تفتیش کے مرتکب چند تفتیشی افسران کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے تفتیشی افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ مقدمات کی تفتیش میرٹ اور قانون کے مطابق مکمل یکسوئی کے ساتھ کی جائے، جبکہ مقدمات کے حوالے سے عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ انویسٹی گیشن پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو فوری و بروقت انصاف کی فراہمی سے ہی امن و امان کا قیام ممکن ہے۔ ڈی آئی جی سید ذیشان رضا نے افسران کو ہدایت کی کہ آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔