اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کے امام کو گرفتار کرلیا، حماس کی شدید مذمت

مقبوضہ بیت المقدس(آئی این پی )مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے رمضان سے قبل مسجد اقصی کے امام کو گرفتار کر لیا۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے  مسجد اقصی کے صحن سے شیخ محمد العباسی کو حراست میں لیا، تاہم گرفتاری کی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی۔رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مسجد اقصی میں سکیورٹی اقدامات سخت کیے جا رہے ہیں اور نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بعض مذہبی شخصیات پر پابندی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔فلسطینی تنظیم حماس نے امام کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مسجد میں داخلے سے روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام مسجد اقصی کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔