بعض انتہا پسند سیاستدان مسجد اقصی میں یہودی عبادات کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے کے حامی ہیں
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی تردید،فلسطین، اردن اور دیگر علاقائی ممالک کا گہری تشویش کا اظہار
غزہ،مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی )فلسطینی وزارتِ خارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی غیر قانونی بستیوں کی توسیع کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔فلسطینی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی آبادکاری کے 576 رہائشی یونٹس اور الخلیل کے وسط میں ایک مذہبی مدرسے کی منظوری دی ہے۔دوسری جاننب اسرائیل کے بعض سخت گیر حکومتی عہدیداروں اور انتہا پسند دائیں بازو کے رہنمائو ں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ امریکا کے بعض حلقوں کے تعاون سے مسجد اقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں بعض حلقے مسجد اقصی کے احاطے کو باضابطہ طور پر کثیر المذاہب عبادت گاہ قرار دینے کی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسا اقدام صدیوں پرانے اس انتظام کے خلاف ہوگا جس کے تحت مسجد اقصی کا انتظام و انصرام اردن کے زیر نگرانی اسلامی وقف کے پاس ہے۔