بلاول بھٹو کو ان کے وڑن اور صلاحیتوں کی بنیاد پر وزیر اعظم بنانا ہے۔سردار سلیم حیدر

  29 مارچ کو لبرٹی چوک ، 14 اگست کو مینار پاکستان میں تاریخی جلسے کریں گے:فیصل میر
اب ہر گلی اور کوچے میں جئے بھٹو کے نعرے لگیں گے اور ہر گھر سے بھٹو نکلے گا۔مجید غوری
لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے آفس جوہر ٹاؤن آمد کے موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے جوہر ٹاؤن تک کارکنان کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں ہمراہ رہی، جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور نعروں، ڈھول کی تھاپ اور جوش و خروش نے ماحول کو گرما دیا۔اپنے خطاب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور عوامی جماعت ہے جو نظام کے تحت آگے بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پنجاب کا دل ہے اور یہاں پارٹی مضبوط ہوگی تو پورے پنجاب میں مضبوط ہوگی۔ انہوں نے نئی تنظیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیصل،مجیدغوری اوران کی ٹیم نے قلیل عرصے میں پارٹی کو دوبارہ فعال اور منظم کیا ہے جبکہ سابقہ تنظیم نے بھی مشکل حالات میں پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بلاول بھٹو زرداری کو ان کے وڑن، جرات اور قیادت کی صلاحیتوں کی بنیاد پر وزیر اعظم بنانا ہے تاکہ ملک کو مضبوط سمت دی جا سکے۔ گورنر پنجاب نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی اور گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنوں کے لیے کھلے ہیں۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا کہ پارٹی کو یونین کونسل سطح تک منظم کیا جائے گا اور لاہور میں بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 29 مارچ کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں لبرٹی چوک جبکہ 14 اگست کو مینار پاکستان پر شاندار جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 22 ہزار سے زائد عہدیداران کی تنظیم سازی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور کارکن دن رات پارٹی کو مضبوط بنانے میں مصروف ہیں۔ مجید غوری نے گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سردار سلیم حیدر ایک عوامی اور درویش صفت گورنر ہیں جو کارکنوں کے درمیان رہ کر پارٹی کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت ہر محاذ پر پارٹی کا مؤثر دفاع کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔پیپلزپارٹی کو لاہور میں مظبوط بنائیں گے۔اب ہر گلی اور کوچے میں جئے بھٹو کے نعرے لگیں گے اور گھر سے بھٹو نکلے گا۔تقریب میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو لاہور اور پنجاب میں مزید مستحکم کیا جائے گا۔