بھارت کے خلاف معرکہ حق کی شاندار کامیابی ملکی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گی
نئے سال کے آغاز پر ہمیں کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے:گورنر
لاہور(آئی این پی )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سال 2026 ملک کی ترقی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہوگا۔سال نو کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ سال نو میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو، ملک میں امن کے قیام کیلئے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں بھارت کے خلاف معرکہ حق کی شاندار کامیابی ملکی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گی، نئے سال کے آغاز پر ہمیں کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، کشمیری اور فلسطینی غلامی اور بے بسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور آزادی کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں، ان شا اللہ کشمیریوں اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی آزادی کا سورج دیکھنا ضرور نصیب ہوگا