طب مسیحائی شعبہ ، دنیا اور آخرت میں کامیابی ہے: سردار سلیم حیدر خان

صوبہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت ہے
  فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ملک کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں ہے:پروفیسر ڈاکٹر خالد
لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی ڈینز کمیٹی، برطانیہ اور امریکہ سے ایلومینائی کے نمائندوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی سربراہی میں ملاقات کی۔ شعبہ طب میں جدید رجحانات، مینٹل ہیلتھ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر گفتگو کی گئی۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلر خالد مسعود گوندل کو یونیورسٹی سے ملحقہ سر گنگا رام ہسپتال میں مریضوں کی خدمت جاری رکھنے کی ہدایت کی‘گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ طب مسیحائی کا شعبہ ہے جس سے دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات پر خصوصی توجہ دیں۔صوبہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔سالانہ بین الاقوامی کانفرنس سے قبل ریکارڈ 45 ورکشاپس کا انعقاد کیاگیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا شمار  ملک کی ٹاپ تین میڈیکل یونیورسٹیوں میں ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو بتایا  کہ 17 تا 19 دسمبر 2025 کو فاطمہ جناح کی ایلومینائی FJMCAANA اور FJMU-UK کے اشتراک سے سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملاقات میں امریکہ سے  ایلومینائی  کی نمائندگی  ڈاکٹر فوزیہ رانا، ڈاکٹر آمنہ بٹر اور برطانیہ سے ڈاکٹر وردہ شفیع نے کی۔پروفیسر منزہ اقبال، پرنسپل پروفیسر عبدالحمید،  ڈین انڈر گریجویٹ پروفیسر بلقیس شبیر، رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم، پروفیسر تسکین زہرہ  وفد میں شامل تھیں