سی ٹی ڈی بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف نمایاں کردار ادا کر رہی ہے:صدر مملکت‘شہبازشریف اور محسن نقوی کا اہلکاروں کو خراج تحسین
کوئٹہ(آئی این پی )کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ اور بارکھان میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 14 دہشتگرد ہلاک کردئیے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں کارروائی کی گئی جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بارکھان میں انیٹلی جنس بیسڈکارروائی کی جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا ا ور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کو سراہا ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ اور بارکھان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے‘انہوں نے کہا سی ٹی ڈی بلوچستان دہشت گردی کے خلاف وطنِ عزیز کی حفاظت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔صدر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتی ہے۔