اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے، جبکہ ملکی معیشت میں استحکام اور ترقی کے لیے مزید اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کسی فرد واحد کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اجلاس میں کونسل کے ارکان نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور مستقبل کے لیے تجاویز پیش کیں۔
ڈیجیٹل کرنسی اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی
وزیراعظم نے ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے مشاورت کا عندیہ دیا اور کہا کہ حکومت ٹیلی کمیونی کیشن سروسز کی بہتری، دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ رسائی اور فری لانسرز کے فروغ پر بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے ملک میں گرین ڈیٹا سینٹرز کے قیام کی حکومتی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔
معاشی استحکام اور برآمدات میں اضافہ
اجلاس کے دوران شرکا نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور عالمی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں کی تعریف کر رہے ہیں۔ اسمگلنگ کی روک تھام سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ ٹیکس نظام میں اصلاحات سے معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔اجلاس میں اہم کاروباری اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی، جن میں جہانگیر ترین، ثاقب شیرازی، شہزاد سلیم، ڈاکٹر اعجاز نبی، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، احسن اقبال، احد چیمہ اور دیگر شامل تھے۔