لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2026 کے خلاف دائر درخواستوں پر آئندہ سماعت پر اسپیشل سیکرٹری ہوم کو طلب کر لیا اور سی سی پی او سے بسنت تہوار کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تفصیلی رپورٹ بھی مانگ لی۔
جسٹس ملک محمد اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایس ایس پی آپریشنز توقیر، ڈپٹی سیکرٹری ہوم افضل بشیر اور دیگر متعلقہ افسران عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ہوم سیکرٹری کی جانب سے مختلف محکموں کی رپورٹس بھی عدالت میں جمع کروائی گئیں۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ اگرچہ وہ ابتدا میں بسنت قانون کے خلاف عدالت آئے تھے، تاہم عدالت کی مداخلت سے سیفٹی اقدامات اور انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ وکیل نے واضح کیا کہ وہ بسنت کے خلاف نہیں بلکہ اس کے محفوظ انعقاد کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے بعد ہی متعلقہ ادارے متحرک ہوئے اور اس مرتبہ ڈور سے گلے کٹنے کے واقعات نسبتاً کم ہوئے، تاہم اب تک چھ افراد جاں بحق اور 124 زخمی ہو چکے ہیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ سی سی پی او آئندہ سماعت پر بسنت کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں، اور کیس کی مزید سماعت 18 فروری بروز منگل تک ملتوی کر دی گئی۔