پاکستانی مزاحیہ گلوکار اور یوٹیوبر چاہت فتح علی خان نے اپنے منفرد انداز میں ایک اور مشہور بھارتی گانے کا ری میک پیش کر دیا۔
اس بار انہوں نے 1999 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم دل سے کے مقبول ترین گانے چل چھیاں چھیاں کو اپنے انداز میں تبدیل کر کے چل چھیاں چھیاں، چل پییاں پییاں کے نام سے گایا ہے۔چاہت فتح علی خان نے انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس گانے کی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں ماڈل لائبہ کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کی تھیم ویلنٹائن ڈے کے لحاظ سے رکھی گئی، جس میں سرخ اور سیاہ رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا گیا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ چاہت فتح علی خان کسی مشہور گانے کو اپنے مزاحیہ انداز میں پیش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ ملکہ ترنم نور جہاں کے گائے ہوئے سپر ہٹ گیت اکھ لڑی بدوبدی، موقع ملے کدی کدی کا ری میک بنا چکے ہیں، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔چاہت فتح علی خان اکثر مشہور گانوں کو اپنے منفرد اور بے سری آواز میں گانے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتے ہیں، تاہم وہ ان تبصروں کو نظر انداز کرتے ہوئے نئے گانے ریلیز کرتے رہتے ہیں۔