جماعت اسلامی نے آزادکشمیر میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے،چودھری انوارالحق کی سربراہ جے آئی سے گفتگو
اسلام آباد ، مظفر آباد(آئی این پی )وزیر اعظم آزادکشمیر چودھری انوار الحق سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے اور بیس کیمپ کی بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر حریت قیادت، سیاسی رہنمائوں اور معززین نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، کشمیری اپنی جائز جدوجہد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، جماعت اسلامی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی، مہاجرین مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادکاری اور ریاست میں دیگر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔چودھری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مکمل سیاسی رواداری اور امن ہے، کشمیریوں کی جدوجہد پرامن اور عالمی قوانین کے عین مطابق ہے، پاکستان اور وہاں کے عوام نے ہر مشکل گھڑی میں آزاد جموں وکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کا ساتھ دیا، یوم یکجہتی منانے سے ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف کے باسیوں کا حوصلہ بلند ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے آزادکشمیر میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، یہاں ساری توجہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی پر ہے۔