جائیداد تنازع :ماں ،2بیٹیاں قتل

3شدید زخمی ، ہسپتال منتقل ، مقتولہ قمر بتول کادیور کیساتھ تنازع چل رہاتھا،ایس پی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل 

سرگودھا(خصوصی رپورٹ)نامعلوم افراد نے خاتون اور اسکی دو بیٹیوں کو تیز دھار آلہ سے قتل جبکہ دیگر تین بیٹیوں کو زخمی کر دیا ،ملزم موقع سے فرار ہو گئے ،بتایا گیا ہے کہ سلانوالی روڈ پر واقع چک 103شمالی میں50سالہ قمر بتول اور اسکی بیٹیوں 15سالہ مریم اور21سالہ علیشبا کو تیز دھار آلے کے وار کر کے بے رحمی کے ساتھ موت کی نیند سلا دیا گیا ،مقتولہ قمر بتول کی 3بیٹیوں22سالہ نمرہ،17سالہ زینب اور 19سالہ معافیا پر بھی تیزدھار آلے سے وار کئے گئے جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ،زخمی لڑکیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیاجبکہ میتیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں، پولیس کے مطابق مقتولہ قمر بتول کا اپنے دیور کے ساتھ جائیداد اور خاندانی تنازع چل رہا تھا ، ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ،ڈی پی او سرگودھا نے زخمی خواتین کی عیادت کی اور جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا۔