کنٹینرز لگا کر اضافی ناکے لگا دئیے گئے، گاڑیوں کی تلاشی ،کوئی بھی جیل کی طرف نہیں جا سکتا :پولیس

اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ
جیل کے اطراف سرچ آپریشن کیا جا رہا ،حکام،بانی پی ٹی آئی کی صحت خراب ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،سیل میں سہولیات مل رہی ہیں ،بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے: علیمہ خان کی گفتگو
 راولپنڈی(خصوصی رپورٹ)اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے اطراف میں سرچ آپریشن ناکے لگا دیئے گئے ،پولیس نے اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی سخت کرکے کنٹینرز لگا کر اضافی ناکے قائم کردیئے ، پولیس نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے اطراف سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے اور جب تک کارروائی مکمل نہیں ہوتی، کوئی بھی جیل کی طرف نہیں جا سکتا۔آپریشن کے دوران سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں کو جامہ تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی سے فیملی کی ملاقات ہوئی ہے، وہ بالکل صحت مند ہیں۔ بانی نے واضح کیا آپ جو مرضی پریشر ڈال لیں ڈیل نہیں کروں گا۔ ملاقات کے بعد راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت خراب ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، انھیں سیل میں سہولیات مل رہی ہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ جیل سے دو کلومیٹر پہلے ہماری گاڑی روکی گئی۔ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ 3 دفعہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کروائی گئی، جیل انتظامیہ نے کہا کہ آرڈر ہے بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کروائی جائے گی۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بتایا بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ جیل رولز اور کورٹ آرڈر کی یہاں کوئی وقعت نہیں ، کوئی بانی کو نہیں مل رہا تو ایسی خبریں ان کی میڈیا فیکٹری سے نکل رہی ہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ مجھ سے منسوب سکرین شاٹ فیک ہیں یہ خود بنا رہے ہیں، آپ نے میرے فون سے یہ چیزیں نکال بھی لی ہیں تو لائیں عدالت میں پیش کریں۔