لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف مسلسل اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان مریم نواز کے بارے میں غیر شائستہ گفتگو کرتے تھے، اور اب علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف بھی اسی رویے کو اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی زبان اور رویہ ان کی خاندانی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سال بعد اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنے والی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں اور پنجاب کے عوام نے ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز آج پاکستان کی نوجوان نسل کی پسندیدہ رہنما بن چکی ہیں، جس کا واضح ثبوت نارووال کے جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خیبر پختونخوا اور ایک اور صوبے کی حکومتیں پریشان ہیں۔ انہوں نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ وہ حسد اور تعصب کی عینک اتار کر پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات کو تسلیم کریں۔ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی کامیاب منصوبے کی تفصیلات درکار ہیں تو مریم نواز انہیں فراہم کرنے کو تیار ہیں۔