جھگڑے کے بعد صلح کون کرتا ہے؟ کیپٹن (ر) صفدر کا مریم نواز سے متعلق انکشاف

جھگڑے کے بعد صلح کون کرتا ہے؟ کیپٹن (ر) صفدر کا مریم نواز سے متعلق انکشاف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے ایک نجی یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان ناراضی کی صورت میں صلح کی پہل عموماً مریم نواز کی جانب سے ہوتی ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر کے مطابق ان کا اور مریم نواز کا رشتہ باہمی ادب، احترام اور عزت پر قائم ہے، جس میں ایک دوسرے پر حکم چلانے کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شادی کو 35 سال گزرنے، بچوں اور نواسوں کی موجودگی کے باوجود دونوں کے درمیان تعلق میں خوشگوار توازن برقرار ہے۔اپنی نجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گھر میں جب کوئی میٹھی چیز آتی ہے تو مریم نواز اسے چھپا دیتی ہیں تاکہ ان کی صحت متاثر نہ ہو۔ ان کے بقول دونوں کے درمیان ہونے والی ناراضی بھی معمولی نوعیت کی ہوتی ہے اور صلح کے لیے پہلا قدم مریم نواز ہی اٹھاتی ہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر نے کابینہ کا حصہ نہ بننے کی وجہ بھی بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعلیٰ مریم نواز کسی جگہ داخل ہوتی ہیں تو احتراماً سب کو کھڑا ہونا پڑتا ہے، اس لیے وہ ایسی صورت حال سے بچنے کے لیے حکومتی عہدہ قبول کرنے سے گریز کرتے ہیں۔انہوں نے گفتگو کے دوران اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے کئی ذاتی اور دلچسپ باتیں بھی شیئر کیں، جنہیں سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے توجہ حاصل ہو رہی ہے۔