کراچی: فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی زون نے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے نشتر پارک نمائش کے علاقے میں ایک فلیٹ پر چھاپہ مار کر ملزم کاظم رضا کو گرفتار کیا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 90 لاکھ روپے نقد، 8 ہزار امریکی ڈالر، 37 ہزار عراقی دینار، 110 سعودی ریال، اور 2000 تنزانیہ شلنگ برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ، دو موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم ریکارڈ بھی قبضے میں لیا گیا۔ملزم حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورکس سے رابطے میں تھا اور برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔چھاپہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایت پر کیا گیا، جو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں آیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔