شیر افضل مروت اپنی توہین خود کروا رہے ہیں: ثناء اللہ مستی خیل

 جاوید ہاشمی، چودھری نثار اور شاہد خاقان عباسی کا انجام دیکھ لینا چاہیے، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آ ئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت اپنی توہین خود کروا رہے ہیں،وہ ہر جگہ کہتے ہیں کہ مجھے پارٹی سے کیوں نکالا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت کے اندر ایک ڈسپلن ہوتا ہے جس کے تحت جماعت چلتی ہے، افضل مروت کو جماعتی ڈسپلن کا خیال رکھنا چاہیے،کسی بھی شخص کے آنے یا جانے سے جماعتیں نہیں ٹوٹتی ہیں،شیر افضل مروت کو جاوید ہاشمی، چودھری نثار اور شاہد خاقان عباسی کا انجام دیکھ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد رہا ہوں گے اور وہ جو بھی فیصلہ کریں گے جماعت اس کو قبول کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے اور اس کی مقبولیت کا گراف 80فیصد سے زائد ہے، جماعت کا ڈسپلن ہر شخص پر لازم ہے،عمران خان نے جو اصول اور قواعد رکھے ہیں اس پر جو چلے گا وہی جماعت میں رہے گا۔